قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، کرکٹ کمنٹیٹر اور تجزیہ کار وسیم اکرم نے اپنی موت کی افواہوں پر دلچسپ انداز میں ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں یہ ویڈیو مرنے کے بعد بنا رہا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی نئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے امید ہے آپ لوگ ٹھیک ہوں گے، گزشتہ کچھ روز سے میری سوشل میڈیا پر میری موت کی جعلی افواہیں زیر گردش ہیں۔
ویڈیو میں وسیم اکرم نے کہا کہ اگر آپ لوگوں کو آج کے جدید دور میں جعلی خبروں کا علم نہیں تو ہم 60 سال کے بابے کس کھیت کی مولی ہیں۔ ان لوگوں کو 21 توپوں کی سلامی دیتا ہوں جو سوشل میڈیا پر مجھ سے پوچھ رہیں کہ آپ زندہ ہیں؟
سابق کپتان وسیم اکرم نے طنزیہ انداز میں کہا کہ نہیں، میں یہ ویڈیو مرنے کے بعد بنا رہا ہوں۔ جن لوگوں نے مشہور کرکٹرز کو ساتھ لے کر میری موت کی افواہیں پھیلانے کیلئے فیک ویڈیوز بنائیں، انہیں بھی تو بہت محنت کرنی پڑی ہوگی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ اگر اتنا دماغ کسی اچھے کام میں لگا لیا جائے تو بڑی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ گدھے پر کتابیں لادنے سے وہ عالم نہیں بن جاتا کیونکہ اس کیلئے پڑھنا ہوتا ہے۔ نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہے۔ میں ٹھیک ہوں۔ آپ کی توجہ کا شکریہ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








