پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک گیر پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کے باضابطہ آغاز کا اعلان کردیا ہے۔سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اور سابق قومی کپتان نے پریس کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز 27-2026 کے دوسرے سیزن میں ملک کے 100 اضلاع سے 1200 سکولوں کی شرکت متوقع ہے۔ پہلے سیزن میں 39 اضلاع سے تعلق رکھنے والے اسکولوں نے شرکت کی تھی۔ ا
کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے سیزن کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مرتبہ پروگرام کے دائرہ کار میں نمایاں وسعت پیدا کی گئی ہے۔ اسکولوں کے ٹریننگ کیمپس کا آغاز 10 اگست سے ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کو 4 مرحلوں میں منعقد کیا جائے گا، جن میں ٹیمیں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح پر مرحلہ وار مد مقابل آئیں گی۔ ٹورنامنٹ میں شریک تمام اسکولز فنڈنگ کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت بھی حاصل کرسکیں گے۔
پروگرام کے آغاز کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر تربیت، معیاری سہولیات اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع مہیا کرنا ہے۔ اس کا مقصد ملک کے طول و عرض سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سامنے لا کر مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کو مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا بھی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








