لاہور: جماعتِ اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اگر آج راولپنڈی میں لیاقت باغ جلسے کی اجازت نہیں ملی تو جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کی سڑکوں پر دھرنے دیں گے۔ ہمارا دھرنا صوبائی حکومت کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرنگ کراس لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لیاقت باغ کو تالے لگا دئیے، آج ہم راولپنڈی جارہے ہیں جہاں تاجروں سے ملاقات اور لیاقت باغ میں جلسہ ہوگا۔ کارکن تالے توڑ کر جانے کو تیار ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم نے کارکنان کو روکا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کسی کا سر نہیں پھاڑتی، نہ آگ لگاتی اور نہ ہی گملے توڑتی ہے۔ ہمارے دھرنے پر امن ہیں اور آج تک کہیں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا۔ حکومت طاقت کے ذریعے دھرنے نہیں روک سکتی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ طریقے ہم پہلے بھی دیکھ چکے۔ حکومت سمجھتی ہے کہ جماعت اسلامی کو تھکا کر کارکنان کو گھر بھیج دے گی لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ دھرنے کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ، لاہور اور پشاور میں جاری ہیں اور احتجاج عوامی تحریک کی شکل اختیار کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آغاز میں مذاکرات کیلئے رابطہ کیا اور جماعت اسلامی کو مذاکرات سے کبھی انکار نہیں رہا۔ ہمیں مذاکرات کی جلدی نہیں، اگر حکومت عوام کے مسائل حل کرنا چاہے تو آ کر بات کرلے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام عوام کو بھکاری بنانے کا پروگرام بن گیا ہے، ہر 3 ماہ بعد رقم دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








