کراچی (30 اگست 2026): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف ویب سائٹس پر زیرِ گردش اطلاعات کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی شادی کے حوالے سے مختلف دعوے سامنے آرہے تھے، جن پر اب وضاحت جاری کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور متعدد ویب سائٹس پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی طے ہوگئی ہے اور ان کی ہونے والی دلہن کا تعلق آسٹریا کے قریب واقع ایک یورپی ملک سے بتایا جارہا ہے۔ ان اطلاعات نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
بعض میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اس وقت اسی یورپی ملک کے دورے پر موجود ہیں اور ان کے سفر کا ایک مقصد شادی کی تیاریوں کا جائزہ لینا بھی ہے۔ تاہم ان دعووں کے حوالے سے اب پیپلز پارٹی کی جانب سے وضاحت سامنے آگئی ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شادی سے متعلق زیرِ گردش اطلاعات پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں غلط، بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔
یاد رہے کہ 2023 میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بھی بلاول بھٹو زرداری سے ان کی شادی کے بارے میں سوال کیا گیا تھا۔ شادی کے وقت سے متعلق سوال پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحافی کو ان کی شادی کے بارے میں اتنی تشویش کیوں ہے اور کیا ان کی نظر میں کوئی ایسی لڑکی موجود ہے؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








