امریکا کے خلاف دفاعی تیاریاں جاری، ایرانی قیادت ہر رکاوٹ ختم کرنے کیلئے پرعزم

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: آن لائن)

ایران نے اپنی دفاعی طاقت مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کی دفاعی تیاریوں کے عمل میں کسی بھی صورت رکاوٹ آنے نہیں دی جائے گی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ قومی دفاع کو مضبوط بنانا مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ قائم مقام وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ایک طاقتور اور مستحکم ایران کی تشکیل کے لیے اپنی تمام دستیاب صلاحیتیں استعمال کریں گی۔ ان کے مطابق ملکی دفاع اور سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا کہ موجودہ اور آنے والے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی تیاریوں کو مسلسل بہتر بنانا ضروری ہے اور  اسی ضرورت کے پیش نظر ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ اور عسکری تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

قائم مقام وزیر دفاع نے نوجوانوں اور ملکی ماہرین کو ایران کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا۔ ان کے مطابق سخت اقتصادی پابندیوں اور مشکلات کے باوجود ایرانی نوجوانوں اور ماہرین نے اہم ٹیکنالوجیز تیار کیں اور اپنی فنی و تکنیکی صلاحیتوں کو ملک کی دفاعی طاقت میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے دستیاب تمام وسائل اور صلاحیتوں کو مسلسل استعمال کرتی رہیں گی جبکہ ایران کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے اور ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے دفاعی شعبے میں بھرپور تیاری برقرار رکھی جائے گی۔

Related Posts