ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ڈیفنس کے علاقے خیابان بخاری میں فلیٹ پر ہونے والے جھگڑے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے حقائق سامنے لانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ذمہ دار افراد کا تعین ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق اے آئی جی آزاد خان نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو ہدایت دی ہے کہ واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات مکمل کرکے تین روز کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاملے کی تفتیش شفاف انداز میں کی جائے اور کسی بھی فریق کے ساتھ جانبداری کے بغیر تمام حقائق کو مدنظر رکھا جائے۔
اے آئی جی آزاد خان نے ویڈیو میں دکھائی دینے والے پولیس اہلکاروں کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے میں درج مقدمات کی تفتیش قانون اور میرٹ کے مطابق کی جائے، جبکہ تمام دستیاب شواہد اور پہلوؤں کا جائزہ لے کر واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جائے۔
علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے افسران کو ہدایت دی کہ انکوائری مکمل طور پر شفاف، غیر جانب دار اور میرٹ کے اصولوں کے تحت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے بعد مقررہ مدت میں جامع رپورٹ پیش کی جائے، تاکہ واقعے سے متعلق اصل صورتحال واضح ہوسکے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ممکن ہو۔
دوسری جانب پارکنگ کے تنازع پر ایک فیملی کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے معاملے میں متاثرہ خاندان کے وکیل نے بھی اہم دعویٰ کیا ہے۔ وکیل کے مطابق نور العین پر مبینہ تشدد کے بعد ہونے والے طبی معائنے میں ان کے جسم پر تشدد کے آٹھ نشانات سامنے آئے ہیں، جنہیں میڈیکل رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وکیل کا کہنا ہے کہ پارکنگ کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے دوران علی احسن کو مبینہ طور پر گھسیٹا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ وکیل کے مطابق ابتدا میں متاثرہ فیملی کے خلاف ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اس میں تبدیلی کرکے جھگڑے سے متعلق دفعہ شامل کردی گئی۔
ادھر سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دینے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت کے لیے متعلقہ حکام کو خط ارسال کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان اہلکاروں کی تعیناتی کی تصدیق کی جارہی ہے اور فوٹیج میں نظر آنے والے اہلکاروں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔ یہ معلوم کرنے کی کوشش بھی جاری ہے کہ مذکورہ اہلکاروں کو جائے وقوعہ پر کس افسر یا شخص نے بھیجا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








