لارڈز ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ کے خلاف غیر معیاری کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی ٹیم میں آپریشن کلین اپ کا آغاز کردیا ہے۔ 6 کھلاڑیوں کو انگلینڈ طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ٹیم میں ہنگامی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا۔ جن 6 کرکٹرز کو انگلینڈ طلب کیا گیا، ان میں صائم ایوب اور عرفات منہاس شامل ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو ویزے ملنے کے بعد انگلینڈ روانہ کیا جائے گا۔
قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق کی مشکوک قرار دی جانے والی انجری پر بھی سوالات اٹھ گئے۔ گزشتہ روز توقع کی جارہی تھی کہ امام الحق مشکل صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے دردکش انجکشنز لگوا کر کھیل میں حصہ لیں گے تاہم انہوں نے بیٹنگ نہیں کی۔
ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی میڈیا رپورٹس کے مطابق امام الحق کے ساتھ محمد رضوان کو بھی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ اور ناقص کارکردگی پر وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو تیسرے ٹیسٹ میں ذمہ داری سنبھالنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
سابق کپتان سرفراز احمد بھی قومی ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔ خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف دونوں ابتدائی ٹیسٹ میچز میں ہارنے کے بعد سیریز پہلے ہی ہارچکی ہے جبکہ تیسرے ٹیم میں ممکنہ ہار کی صورت میں قومی ٹیم کو وائٹ واش کا خطرہ درپیش ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








