گرمیوں کا موسم آتے ہی پاکستان میں آم ہر گھر کی پسندیدہ سوغات بن جاتا ہے۔ سندھڑی، چونسا، انور رٹول اور دیگر اقسام کے آم نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہوتے ہیں بلکہ ان سے تیار ہونے والی مختلف ڈشز بھی گرمی کا لطف دوبالا کر دیتی ہیں۔
آم اب صرف چوس کر یا قتلے بنا کر کھانے تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس سے متعدد مزیدار مشروبات، ڈیزرٹس اور ناشتے تیار کیے جاتے ہیں جو ذائقے کے ساتھ ساتھ دیکھنے میں بھی دلکش ہوتے ہیں۔
اگر آپ کے گھر میں آم زیادہ آ گئے ہیں، مہمان آنے والے ہیں یا بچوں کے لیے کچھ نیا بنانا چاہتے ہیں تو یہ آسان مینگو ریسپیز ضرور آزمائیں۔
1۔ مینگو شیک
مینگو شیک گرمیوں کا سب سے مقبول مشروب ہے۔ پکے ہوئے آم، ٹھنڈا دودھ، برف اور حسبِ ذائقہ چینی یا شہد ملا کر چند منٹ میں بہترین شیک تیار کیا جا سکتا ہے۔ مزید کریمی ذائقے کے لیے آئس کریم یا گاڑھا دہی بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
2۔ مینگو اسموتھی باؤل
ناشتے کے لیے صحت بخش انتخاب۔ آم، دہی، کیلا اور برف بلینڈ کرکے گاڑھا مکسچر تیار کریں، پھر اوپر گرینولا، چیا سیڈز، آم کے ٹکڑے اور دیگر پھل سجا کر پیش کریں۔
3۔ مینگو فالودہ
فالودہ سیویاں، جیلی، ٹھنڈا دودھ، آم کا گودا اور آئس کریم مل کر گرمیوں کی ایک بہترین دیسی ڈیزرٹ بناتے ہیں، جو مہمانوں کو بھی بے حد پسند آتی ہے۔
4۔ مینگو آئس کریم
آم کا گودا، فریش کریم، کنڈینسڈ ملک اور ونیلا ایسنس ملا کر گھر میں مزیدار مینگو آئس کریم آسانی سے تیار کی جا سکتی ہے۔
5۔ مینگو چیزکیک
نو بیک مینگو چیزکیک آج کل سوشل میڈیا پر خاصا مقبول ہے۔ بسکٹ کی تہہ، کریم چیز اور آم کی پیوری سے تیار ہونے والی یہ ڈیزرٹ پارٹیوں کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
6۔ مینگو لسی
روایتی لسی میں آم شامل کرکے مزید ذائقہ دار اور ٹھنڈا مشروب تیار کیا جا سکتا ہے، جو گرمی کی شدت کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
7۔ مینگو کسٹرڈ
کسٹرڈ میں تازہ آم کے قتلے شامل کرکے ایک ہلکی پھلکی اور مزیدار ڈیزرٹ تیار کی جا سکتی ہے، جسے بچے اور بڑے یکساں پسند کرتے ہیں۔
8۔ مینگو ٹرائفل
کیک، کسٹرڈ، جیلی، کریم اور آم کی تہوں سے تیار ہونے والی مینگو ٹرائفل دعوتوں کی شان بڑھا دیتی ہے۔
9۔ مینگو سالسا
آم، ٹماٹر، پیاز، ہری مرچ، لیموں کا رس اور دھنیا ملا کر تیار کیا جانے والا مینگو سالسا باربی کیو اور گرلڈ چکن کے ساتھ بہترین لگتا ہے۔
10۔ مینگو پاپسیکلز
آم کے گودے کو دہی یا جوس کے ساتھ ملا کر سانچوں میں جما دیں۔ یہ بچوں کے لیے صحت بخش اور گھر میں تیار ہونے والی آئس لولی کا بہترین متبادل ہے۔
گرمیوں میں آم سے تیار ہونے والی یہ آسان ڈشز نہ صرف ذائقے سے بھرپور ہوتی ہیں بلکہ گھر کی ہر محفل کو بھی خوشگوار بنا دیتی ہیں۔ اگر آپ بھی آم کے شوقین ہیں تو اس سیزن میں یہ منفرد اور آسان ترکیبیں ضرور آزمائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








