قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہے، چیئرمین پی سی بی نے بابراعظم کو کپتان بنانے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق بطور کپتان شان مسعود کا دور ختم ہوا، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور کپتان بابراعظم کے نام کی منظوری دی۔ ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بابراعظم ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے کپتان ہوں گے۔
اس سے قبل شان مسعود کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور شان مسعود کپتانی سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس کے بعد بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز میں کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے کپتانی کیلئے کئی ناموں کی تجاویز پر غور کیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا اور ٹائٹل جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو نہ صرف ٹیم کا حصہ بنایا گیا بلکہ انہیں کپتان بھی مقرر کیا گیا تھا۔
ٹیم کے انتخاب کیلئے مئی کے دوران معروف کمنٹری پینل پر مشتمل پانچ رکنی جیوری نے فیصلے کیے، جبکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک الگ ایمرجنگ ٹیم بھی منتخب کی گئی تھی جس میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے تین، تین جبکہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو کھلاڑی ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








