منیلا: فلپائنی کسٹمز نے منیلا انٹرنیشنل کنٹینر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسمگل شدہ منشیات کی بھاری کھیپ ضبط کرتے ہوئے غیر قانونی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے زیر قبضہ افغان سرزمین منشیات اسمگلنگ کا گڑھ بن چکی ہے اور منشیات کی تجارت کو فروغ دینے کے نتیجے میں انسانی جانوں اور نوجوان نسل کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ اسمگلنگ کے خلاف کارروائی فلپائن بیورو آف کسٹمز نے کی۔
فلپائن بیرو آف کسٹمز اور ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 کنٹینرز سے 43 کلوگرام میتھ ایمفیٹامن برآمد کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فلپائنی حکام نے افغانستان سے آنے والی مشتبہ کھیپ کی مکمل تلاشی لے کر یہ کارروائی کی۔
حکام کا ماننا ہے کہ برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 51 لاکھ امریکی ڈالرز کے لگ بھگ ہوسکتی ہے جنہیں ٹالکم اسٹون سے مشابہ پیکجز میں چھپا کر تجارتی سامان کے مابین رکھ دیا گیا تھا۔ سخت نگرانی، مؤثر بارڈر کنٹرول اور رسک مینجمنٹ سے منشیات کی روک تھام ممکن بنائی گئی۔
دوسری جانب ماہرین عالمی امور کا ماننا ہے کہ افغان طالبان رجیم افغانستان کی سرزمین کو نارکو اکانومی پر انحصار کرنے والی ناکام ریاست میں بدلنے کیلئے سرگرم ہے۔ جب تک افغانستان میں کوئی شفاف اور ذمہ دارانہ نظام حکومت قائم نہ ہو، منشیات کی اسمگلنگ اور نارکو ٹیرر ازم کو روکنا ناممکن ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








