ولیکا اسپتال سے علاج کے بعد ایچ آئی وی سے متاثر ہونے والے بچوں کے کیس میں مزید دو بچیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد متاثرہ خاندانوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچیوں میں ایک بچی ضیا کالونی کی رہائشی ہے، جس کے دو بھائی پہلے ہی ایچ آئی وی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ والد کے مطابق ان کے تینوں بچے اس موذی مرض کا شکار ہو گئے ہیں۔
متاثرہ والد نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ان کے 12 سالہ اور 3 سالہ بیٹوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی تھی، جبکہ ان کی بیٹی چیسٹ انفیکشن کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھی۔ طبیعت بہتر نہ ہونے پر ٹیسٹ کرایا گیا تو رپورٹ میں ایچ آئی وی پازیٹو آنے کی تصدیق ہوئی۔
دوسری جانب میٹرول کی رہائشی تین سالہ بچی میں بھی ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے۔ والدین کے مطابق بچی کا علاج بھی ولیکا اسپتال میں ہوا تھا، تاہم طبیعت خراب ہونے پر ٹیسٹ کرانے سے وائرس کی موجودگی سامنے آئی۔
متاثرہ خاندانوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے ذمہ دار افراد کے خلاف تحقیقات کرکے سخت کارروائی کی جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








