ارجنٹائن کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی کے بعد جشن کے دوران ایسا انداز اپنایا جس پر انگلش شائقین ناراض ہو گئے۔
ارجنٹائن نے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو اضافی وقت کے بعد 3-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے آخری چار مرحلے میں جگہ بنائی۔ ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کر رہے ہیں۔
میچ کے اختتام پر ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے میدان میں ایک دوسرے کو گلے لگایا اور پھر اپنی ٹیم کے مداحوں کے پاس جا کر کامیابی کا جشن منایا۔ ارجنٹائنی شائقین نے پورے 120 منٹ تک ٹیم کا بھرپور ساتھ دیا۔
جشن کے دوران مداحوں نے نعرہ لگایا “جو نہیں کودتا، وہ انگلش ہے”، جس میں ارجنٹائن کے کھلاڑی بھی شامل ہوگئے اور انگلینڈ کے خلاف نعرے لگانے لگے۔
لیونل میسی نے بھی اس موقع پر مداحوں کے انداز میں جشن منایا، اپنی شرٹ اتار کر ہاتھ میں تھامی اور لہراتے رہے، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
واضح رہے کہ 1978، 1986 اور 2022 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ارجنٹائن کی ٹیم اب سیمی فائنل میں انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ انگلینڈ نے کوارٹر فائنل میں ناروے کو اضافی وقت کے بعد 2-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








