گوگل دنیا کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سرچ انجن ہے، جہاں ہر سیکنڈ 99 ہزار سے زائد جبکہ روزانہ تقریباً 9 ارب سرچز کی جاتی ہیں۔ تاہم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک اہم میچ نے گوگل کی سرچ ہسٹری میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے اس گرما گرم مقابلے کے دوران اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے بیک وقت معلومات تلاش کیں کہ ماضی کے تمام سرچ ٹریفک کے ریکارڈ پیچھے رہ گئے۔ گوگل نے بھی بعد میں اس غیرمعمولی سرگرمی کی تصدیق کی۔
دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن کے مطابق ارجنٹینا اور مصر کے درمیان راؤنڈ آف 16 کے مقابلے نے گوگل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرچ ٹریفک پیدا کی اور یہ گوگل کے قیام سے لے کر اب تک سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والا ٹرینڈ بن گیا۔
گوگل کے نالج اینڈ انفارمیشن شعبے کے سربراہ نک فوک نے بتایا کہ 7 جولائی (پاکستانی وقت کے مطابق 8 جولائی) کو ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول کے فوراً بعد گزشتہ 28 برس کے دوران سرچ انجن پر سب سے زیادہ ٹریفک ریکارڈ کی گئی۔ اگرچہ گوگل نے درست اعداد و شمار جاری نہیں کیے، تاہم ترجمان نے کہا کہ اس لمحے فی سیکنڈ ریکارڈ تعداد میں سرچز کی گئیں۔
گوگل کے مطابق فیصلہ کن گول کے بعد صورتحال ایسی تھی جیسے دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین ایک ہی موضوع تلاش کر رہے ہوں۔ اس غیرمعمولی دلچسپی نے سرچ انجن پر ٹریفک کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا اختتام اسپین کی فتح پر ہوا، جس نے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر 16 برس بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








