بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام: 500 خواتین میں ٹیبلٹس اور کاروباری ٹول کٹس تقسیم

تازہ ترین

تازہ ترین

انٹرپرینیورشپ
(فوٹو: آن لائن)

کوئٹہ: بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت 500 خواتین میں ٹیبلٹس اور کاروباری ٹول کٹس تقسیم کردی گئیں۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر شریک خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو جدید کاروباری صلاحیتوں، ڈیجیٹل مہارتوں اور نئے معاشی مواقع تک رسائی فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ 

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کی معاشی خودمختاری، ہنر مندی اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو ایسے مواقع فراہم کیے جائیں گے جن کی مدد سے وہ اپنے خاندانوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

وزیراعلیٰ نے پروگرام کی کامیابی پر صوبائی وزیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور محکمہ ترقیِ نسواں کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بتایا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے کے اختتام پر 500 خواتین نے کاروباری تربیت اور ڈیجیٹل مہارتوں کا کورس کامیابی سے مکمل کیا۔ اس موقع پر شرکاء میں ٹیبلٹس، کاروباری ٹول کٹس اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں تاکہ وہ اپنی عملی سرگرمیوں کا بہتر آغاز کر سکیں۔

Related Posts