اسکول مینیجر کا بیٹا طالبہ کو فیل کرنے کی دھمکی دے کر چار ماہ تک جنسی زیادتی کرتا رہا

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر گورکھپور میں ایک نجی اسکول کے مینیجر کے بیٹے پر دسویں جماعت کی ایک نابالغ طالبہ سے مبینہ جنسی زیادتی کا الزام سامنے آیا ہے۔ متاثرہ طالبہ کا کہنا ہے کہ اسے امتحان میں فیل کرنے کی دھمکی دے کر تقریباً چار ماہ تک خاموش رہنے پر مجبور کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبہ نے اپنی شکایت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم پرتیک ترپاٹھی طالبات کو پڑھانے، ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے اور شہر میں رہائش کے لیے کمرہ فراہم کرنے کا وعدہ کرتا تھا۔ اسی بنیاد پر اس نے طالبہ کا اعتماد حاصل کیا، تاہم بعد ازاں مبینہ طور پر اسے دباؤ میں لے کر جنسی استحصال کا نشانہ بنایا۔

طالبہ کے مطابق ملزم نے امتحان میں فیل کرنے کی دھمکی دے کر اس کی مرضی کے خلاف تقریباً چار ماہ تک جنسی زیادتی کی۔ جب اس نے مزید تعلق رکھنے سے انکار کیا تو اسے مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعد ازاں طالبہ سے متعلق ایک ریکارڈنگ نشر کی گئی، جس کے ذریعے اسے دباؤ میں رکھنے اور بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق پرتیک ترپاٹھی اسی نجی اسکول کے مینیجر کا بیٹا ہے جہاں متاثرہ طالبہ زیر تعلیم تھی۔ واقعے کے بعد معاملہ سامنے آنے پر پولیس سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔

Related Posts