چھوٹے تاجروں کیلئے بڑا ریلیف یا نیا امتحان؟ ایف بی آر نے نئی ٹیکس اسکیم کا اعلان کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

FBR announces special facilitation for manual tax filers
FILE PHOTO

ملک کی تاجر برادری کے لیے ایک انتہائی اہم اور خوش آئند پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کو سہولت دینے کے لیے ایک نئے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت، سالانہ 20 کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والے تمام انفرادی دکاندار اس خصوصی اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے مجاز ہوں گے۔

یہ مخصوص طریقہ کار صرف اور صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے ہی نافذ العمل ہوگا جس کے دوران دکانداروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر صرف ایک فیصد کی شرح سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

نقد ادائیگی اور ودہولڈنگ ٹیکس کے احکامات

نوٹیفکیشن کی رو سے یہ لازم قرار دیا گیا ہے کہ سالانہ ریٹرن جمع کرواتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس کی ادائیگی کرنا ضروری ہوگی۔ اس کے علاوہ، جو ودہولڈنگ ٹیکس پہلے ہی کٹ چکا ہوگا اسے کل قابلِ ادائیگی ٹیکس میں سے باقاعدگی سے مائنس (منہا) کیا جا سکے گا البتہ اس عمل کے دوران بننے والی کوئی بھی اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

آسان رجسٹریشن اور آڈٹ سے استثنیٰ

اہل دکانداروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ وہ آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل، موبائل ایپ یا اپنے قریبی ٹیکس دفتر کے توسط سے باآسان اپنی رجسٹریشن مکمل کرا سکیں گے۔ اس اسکیم کا پُرکشش پہلو یہ ہے کہ جو دکاندار اس خصوصی نظام کا انتخاب کریں گے ان کا عمومی طور پر کوئی آڈٹ نہیں کیا جائے گا تاہم کسی بھی غیر معمولی لین دین یا اس سہولت کے غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ان اہل دکانداروں کو پی او ایس (POS) سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے نفاذ سے بھی مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔

جرمانے کی شق اور منفرد گرین پلیٹ کا اجراء

اعلامیے میں یہ تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ اگر کسی نے مقررہ تاریخ تک اپنی ریٹرن جمع نہ کرائی یا اس اسکیم کا بروقت انتخاب نہیں کیا تو اس پر 10 ہزار سے لے کر 50 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے برعکس، سکیم کے تحت رجسٹر ہونے والے تمام اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے ایک خاص کیو آر (QR) کوڈ پر مشتمل گرین پلیٹ بھی جاری کی جائے گی۔

Related Posts