ڈاکٹر ادیب رضوی کے نام پر بڑا فراڈ؟ ایس آئی یو ٹی نے عوام کو خبردار کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے جعلی مواد کے خلاف عوام کو خبردار کر دیا ہے جس میں ادارے اور معروف ماہرِ امراضِ گردہ و پیوند کاری پروفیسر ادیب رضوی کا نام اور تصویر استعمال کی جا رہی ہے۔

ایس آئی یو ٹی کے مطابق بعض گمراہ کن ویڈیوز اور پوسٹس میں جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ ادارہ یا پروفیسر ادیب رضوی کسی دوا، علاج، طبی سہولت یا صحت سے متعلق کسی سروس کی تشہیر، منظوری یا سفارش کر رہے ہیں۔ادارے نے واضح کیا ہے کہ ایسا مواد مکمل طور پر جعلی ہے اور اس کا ایس آئی یو ٹی یا پروفیسر ادیب رضوی سے کوئی تعلق نہیں۔

ادارے کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی کسی بھی سوشل میڈیا پوسٹ یا ویڈیو پر یقین نہ کریں جس میں ایس آئی یو ٹی یا پروفیسر ادیب رضوی کی جانب سے کسی چیز کی منظوری یا حمایت کا دعویٰ کیا گیا ہو جب تک اس کی تصدیق سرکاری ذرائع سے نہ ہو۔ ایس آئی یو ٹی نے کہا ہے کہ وہ غیر سرکاری اکاؤنٹس یا غیر مصدقہ پلیٹ فارمز کے ذریعے اس نوعیت کے اعلانات جاری نہیں کرتا۔

May be an image of text

ایس آئی یو ٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جعلی طبی دعوے عوام کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ علاج کے خواہشمند افراد کو مالی یا ذاتی نقصان بھی پہنچا سکتے ہیں۔

ادارے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر مصدقہ ویڈیوز اور پوسٹس میں کیے گئے طبی دعوؤں پر عمل نہ کریں۔ ایسے پیغامات کے جواب میں کسی قسم کی رقم، بینک معلومات یا ذاتی تفصیلات فراہم نہ کریں۔ ایس آئی یو ٹی سے متعلق کسی بھی اعلان یا معلومات کی تصدیق صرف ادارے کے سرکاری ذرائع سے کریں۔

ایس آئی یو ٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی اکاؤنٹس یا مشکوک مواد کی نشاندہی کرکے رپورٹ کریں تاکہ مزید افراد کو دھوکے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ادارے کے مطابق یہ انتباہ عوام کو غلط معلومات، جعلی تشہیری مہمات اور ایس آئی یو ٹی و پروفیسر ادیب رضوی کے نام سے منسوب جعلی دعوؤں سے بچانے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

Related Posts