کراچی کے اسکول سے لاپتا 12 سالہ بچی ٹھٹہ سے بازیاب

تازہ ترین

تازہ ترین

5 اگست کو اسکول سے لاپتہ ہونے والی بچی کو ٹھٹھہ سے بازیاب کرالیا گیا، بچی والدہ کی ڈانٹ سے ناراض ہوکر اسکول سے گھر نہیں گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع کیماڑی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 اگست کو اسکول سے لاپتہ ہونے والی 12 سالہ بچی اقرا کو ٹھٹھہ سے بازیاب کرالیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ اقرا کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ تھانہ سائٹ اے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا تاہم تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بچی کا سراغ لگایا۔

پولیس نے کہا کہ بچی والدہ کی ڈانٹ سے ناراض ہوکر اسکول سے گھر نہیں گئی تھی، اقرا اسکول کے بعد اپنی سہیلی کے گھر گئی، جس کے بعد سول اسپتال پہنچ گئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کو اسپتال میں لاوارث دیکھ کر ایک فیملی نے ہمدردی کی بنیاد پر اسے اپنے ساتھ ٹھٹھہ منتقل کردیا تھا، جہاں سے پولیس نے کارروائی کرکے اسے بحفاظت بازیاب کرلیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی کے مطابق بازیاب بچی کو والدہ کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ اسے عدالت میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش کیا جائے گا۔

Related Posts