اسلام آباد: پمز کے چلڈرن وارڈ میں پیش آنے والی آتشزدگی اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات کے بعد ڈاکٹر محمد سلمان کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا نیا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر پمز کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران اسکندر سمیت دیگر متعلقہ افسران کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ اقدام تحقیقاتی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی نے حادثے کے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کے ساتھ انتظامی غفلت اور حفاظتی اقدامات میں موجود خامیوں کی بھی نشاندہی کی۔ رپورٹ میں پیش کی گئی سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پمز کی انتظامی سطح پر متعدد اہم تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد سلمان کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر تقرری بھی انہی انتظامی اصلاحات اور تبدیلیوں کا حصہ سمجھی جارہی ہے۔ ان کی تعیناتی کا مقصد ادارے کے انتظامی معاملات کو بہتر بنانا اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کو مؤثر بنانا قرار دیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








