گاڑی خراب ہونے پر دھکے نہیں لگانے پڑیں گے! اسلام آباد پولیس نے نئی سروس متعارف کروا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر کے شہریوں کی بڑی مشکل کا حل نکالتے ہوئے ایک فون کال پر فوری مدد کی فراہمی کے لیے مکینک آن ویلز سروس متعارف کروا دی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس نئی سروس کا مقصد سفر کے دوران سڑک پر اچانک گاڑی خراب ہونے یا رک جانے کی صورت میں شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ شہر کے کسی بھی حصے میں ایسی صورتحال کا سامنا کرنے والے شہری فوری طور پر ہیلپ لائن 1915 پر کال کر کے مکینک کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اس سروس کے تحت تربیت یافتہ عملہ فوری طور پر متاثرہ گاڑی کے پاس پہنچ کر موقع پر ہی ممکنہ تکنیکی معاونت فراہم کرے گا جس سے شہریوں کو طویل انتظار یا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یہ نعرہ دیا ہے کہ جہاں گاڑی رکے، مدد وہیں پہنچے گی۔

پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کے سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنانا اور خراب گاڑیوں کی وجہ سے سڑکوں پر لگنے والے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اسلام آباد میں گاڑی خراب ہونے پر پریشان ہونے کے بجائے فوری طور پر 1915 پر رابطہ کریں۔

Related Posts