کراچی میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 1 شخص کی جان لے لی۔ ریسٹورنٹ مالک کا کہنا ہے کہ 15 پر اطلاع دی تاہم پولیس 45منٹ بعد جائے وقوعہ پر پہنچی تھی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے سچل غازی گوٹھ میں پیش آیا جہاں ایک ریسٹورنٹ پر ڈکیتی کے دوران مسلح ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 1 نوجوان جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسٹورنٹ مالک جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ 6 مسلح ملزمان نے ریسٹورنٹ میں داخل ہو کر 14 سے 15افراد کو موبائل فونز سے محروم کردیا اور ریسٹورنٹ کے کاؤنٹر سے ڈھائی لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فرار ہوتے وقت اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کا جواں سال بھائی شہباز جاں بحق، دوسرا بھائی اور ایک ریسٹورنٹ ورکر زخمی ہوگئے، جس کی اطلاع 15 پر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع دینے کے باوجود پولیس جائے وقوعہ پر تقریباً پون گھنٹے بعد پہنچی، ریسٹورنٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول شہباز پنجاب کے شہر لودھراں سے تعلق رکھتے تھے۔
ڈکیتی کے دوران جاں بحق ہونے والے شہباز کی تدفین آبائی علاقے میں کی جائے گی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سچل کے علاقے میں آئے روز ہونے والی وارداتوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








