کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے گلستانِ جوہر میں ایک کال سینٹر پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بنانے والے گروہ کا سراغ لگا لیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق کال سینٹر میں موجود ملزمان مبینہ طور پر خود کو غیر ملکی بینکوں کے افسران ظاہر کرکے شہریوں سے ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرتے تھے جن میں ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی شامل تھیں۔
حکام کے مطابق یہ معلومات مبینہ طور پر فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جا رہی تھیں۔
کارروائی کے دوران کال سینٹر کے دو مالکان سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں محمد لائق، محمد فاضل اور دیگر مبینہ طور پر ملوث ایجنٹس شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران کال سینٹر سے متعدد لیپ ٹاپس اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے جنہیں مبینہ فراڈ میں استعمال کیا جاتا تھا۔
واقعے کا مقدمہ FIR نمبر 74/26 کے تحت درج کرلیا گیا ہے جس میں PECA 2025 کی دفعات 3، 4، 13، 14، 16 اور 26 جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 109 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں احسن رضا، محمد لائق، سیف اعجاز، محمد فاضل، فریڈرک جان، کرسٹو فر کائزر، محمد دانش اور محمد شہزیب کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بعض ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ کال سینٹر کے ذریعے مبینہ فراڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








