ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گیلہ منہ کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، پولیس نے فرار ملزمان کے دو مبینہ سہولت کاروں سمیت 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ موجود نہیں تھی جبکہ ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔
پولیس کے مطابق دو روز قبل موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے ٹک ٹاکر شمسو بی بی کو قتل جبکہ ان کی 15 سالہ بہن عاصمہ کو زخمی کردیا تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق 14 اگست کو شمسو بی بی کو کاشف عرف کاشی نامی شخص کی جانب سے مبینہ فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں گھر سے باہر آنے کا کہا گیا۔ بعد ازاں وہ اپنی کم عمر بہن عاصمہ اور بھائی نعمت اللہ کے ہمراہ گاڑی میں روانہ ہوئیں تو پٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے دوران ایک گولی شمسو بی بی کی گردن میں لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ گاڑی بے قابو ہوکر دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ان کی بہن عاصمہ شدید زخمی ہوگئیں۔
مقتولہ کے والد فضل صاحبزادہ کے مطابق وہ ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچے جہاں مردہ خانے میں موجود لاش کی شناخت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








