پنجاب کے شہر وہاڑی میں سیوریج لائن کی صفائی نے 2 واسا ملازمین کی جان لے لی۔ وہاڑی میں یہ افسوسناک واقعہ پرانے لاری اڈہ کے قریب مین سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے دو ملازمین سیوریج لائن کی صفائی کے دوران کھلے گٹر میں گر کر جان کی بازی ہار گئے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملازمین کی شناخت سنی اور سانول کے ناموں سے ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ملازمین کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے ہے جو حفاظتی سامان کے بغیر صرف رسے کے سہارے گٹر کی صفائی کیلئے اترے تھے تاہم صفائی کے دوران رسہ چھوٹ گیا اور دونوں گہرے گٹر میں جاگرے۔
گٹر میں گرنے کے بعد دونوں واسا ملازمین کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔دونوں ملازمین کی لاشوں کو گٹر سے نکال لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی منتقل کردیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








