بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرکے اس کی لاش گھر کے باتھ روم میں دفنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول سریندر شرما گزشتہ 45 روز سے لاپتا تھا، جبکہ اس کی گمشدگی کی اطلاع بھی اس کی اہلیہ روبی نے ہی پولیس کو دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق تفتیش کے دوران ملزمہ پولیس کے ساتھ شوہر کی تلاش کا تاثر دیتی رہی اور اہلِ محلہ کے سامنے خود کو غم زدہ ظاہر کرتی رہی، جس کے باعث ابتدائی طور پر کسی کو اس پر شبہ نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق کیس میں اہم موڑ اس وقت آیا جب مقتول کے بھائی نے روبی کے بیانات پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ اس کے بعد پولیس نے ملزمہ سے مزید سخت پوچھ گچھ کی، جس دوران اس کے بیانات میں تضاد سامنے آیا۔
پولیس نے مزدوروں کی مدد سے گھر کے باتھ روم کا فرش توڑا تو اس کے نیچے سے سریندر شرما کی لاش برآمد ہوگئی، جس کے بعد خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ قتل اور لاش چھپانے میں کسی اور شخص نے بھی ملزمہ کی مدد کی تھی یا نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








