وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس میں 1712 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں سے فوری طور پر آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔
محسن نقوی نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ اسلام آباد پولیس میں ملازمت کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں صرف چار دن باقی ہیں، اس لیے امیدوار بروقت اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد پولیس کی بھرتیوں میں پاکستان کے تمام صوبوں کے نوجوانوں کے لیے مقررہ کوٹہ شامل ہے، جبکہ انتخاب کا عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی امیدوار کی جانب سے سفارش، سیاسی دباؤ یا غیر قانونی اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے فوری طور پر نااہل قرار دے دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ امیدواروں کی سہولت کے لیے ان کے قریبی علاقوں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ انہیں امتحان دینے میں آسانی ہو۔
وفاقی وزیر داخلہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد پولیس کا حصہ بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








