پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس میں تہلکہ خیز انکشاف، قاتلوں نے ڈرون سے کی نگرانی

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں تفتیش کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گرفتار شوٹرز نے مبینہ طور پر انکشاف کیا ہے کہ قتل کی واردات پہلے سے مکمل منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمان نے عبداللہ طاہر کی نقل و حرکت اور مقام سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کی نگرانی کے لیے ڈرونز کی سہولت حاصل کرنے پر بھاری رقم خرچ کی گئی، جبکہ تحقیقاتی ادارے اب مقتول کے گھر کے اطراف ڈرون کی پروازوں سے متعلق معلومات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے واردات کے لیے ایک کرائے کی گاڑی استعمال کی، جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق قتل کی واردات کے فوری بعد گاڑی پر دوبارہ اصل نمبر پلیٹ نصب کر دی گئی تاکہ شناخت سے بچا جا سکے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی گوجرانوالہ سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی، جبکہ مرکزی ملزم ارسلان جٹ مبینہ طور پر انہی شوٹرز کو گاڑی میں گوجرانوالہ سے لاہور لے کر آیا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق مقدمے میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں اب تک 6 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، جن سے تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم مرکزی شوٹرز تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ قتل کے اصل محرکات اور اس منصوبے میں شامل دیگر افراد کا تعین کیا جا سکے۔

Related Posts