کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع نہ کر پانے کے بعد پاکستان کے اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم کو 21 اگست کو ہونے والی لوزان ڈائمنڈ لیگ کے مردوں کے جیولن تھرو مقابلے کی انٹری لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
منتظمین کی جانب سے جاری کردہ انٹری لسٹ کے مطابق ارشد ندیم کو عالمی معیار کے سخت مقابلے کا سامنا ہوگا، جہاں ان کے روایتی بھارتی حریف نیرج چوپڑا، دو مرتبہ کے عالمی چیمپیئن اینڈرسن پیٹرز اور حال ہی میں کامن ویلتھ گیمز کے چیمپیئن اور عالمی نمبر ایک رومیش پتھیراگے بھی میدان میں ہوں گے۔
اس کے علاوہ جرمنی کے تھامس روہلر اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے کیشورن والکاٹ بھی ایونٹ میں شرکت کریں گے، جس کے باعث رواں سال کی لوزان ڈائمنڈ لیگ کو سیزن کے مضبوط ترین جیولن تھرو مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ارشد ندیم اس ایونٹ میں کامن ویلتھ گیمز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد واپسی کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے، اس سے قبل وہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے اور 12 کھلاڑیوں کے فائنل میں نویں پوزیشن پر رہے۔
خیال رہے کہ 29 سالہ ارشد ندیم نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا، نے اپنے اعزاز کے دفاع کا آغاز فاؤل تھرو سے کیا، جبکہ دوسری کوشش میں ان کی بہترین تھرو 77.41 میٹر رہی اور وہ اپنے اعزاز کا دفاع نہ کرسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








