وفاقی حکومت نے مارچ 2024 سے جون 2026 تک 28 ماہ کے دوران ملک کے مجموعی قرضے میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا اضافہ کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں مقامی قرضہ 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضہ 2 ہزار 66 ارب روپے بڑھا، یوں حکومت کے قرضوں میں اوسطاً 22 ارب روپے سے زائد کا یومیہ اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق نگراں حکومت کے آخری مہینے فروری 2024 تک وفاقی حکومت پر مجموعی قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا۔ گزشتہ 28 ماہ میں ہونے والے مسلسل اضافے کے بعد جون 2026 تک یہ رقم بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2024 میں مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، جو جون 2026 تک 16 ہزار 766 ارب روپے اضافے کے بعد 59 ہزار 441 ارب روپے ہو گیا۔
اسی طرح فروری 2024 میں وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق 28 ماہ کے دوران اس میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور جون 2026 تک بیرونی قرضہ بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








