عراق میں نائب وزیر چور نکلا، گھر پر چھاپہ، سونے کی اینٹیں اور لاکھوں ڈالرز برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

عراق میں نائب وزیر چور نکلا، جس کے گھر پر چھاپے کے دوران سونے کی اینٹیں اور لاکھوں ڈالرز برآمد ہوئے ہیں جنہیں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حاصل کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق عراق میں ایک اور وزیر کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی جس کے دوران برآمد کیے گئے لاکھوں ڈالرز، سونے کی اینٹیں اور دیگر قیمتی اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ وفاقی کمیشن برائے دیانت داری نے چھاپہ مار کارروائی کی ویڈیو جاری کردی۔

وفاقی کمیشن نے وزارتِ بجلی کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن امور کے ڈپٹی وزیر کے گھر چھاپے کی ویڈیو کے ساتھ ساتھ تصاویر بھی جاری کردیں۔ بدعنوانی کے مرتکب نائب وزیر کے خلاف یہ آپریشن عدالتی احکامات کے تحت کیا گیا۔

چھاپہ مار کارروائی کے دوران بغداد انوسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم نے ڈپٹی وزیر اور ملزم خالد غازی عطیہ سے تعلق رکھنے والے متعدد گھروں کی تلاشی کے فرائض سرانجام دئیے، کمیشن کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 1 ارب 17کروڑ 50لاکھ عراقی دینار برآمد ہوئے۔

کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق چھاپے کے دوران نائب وزیر کے گھر سے  58 لاکھ 39 ہزار امریکی ڈالر نقد برآمد کیے گئے، اس کے علاوہ سونے کی سات اینٹیں اور سونے کی دیگر اشیا بھی ضبط کی گئیں۔خیال رہے کہ عراقی حکومت نے 28 جون کو بدعنوان عناصر کے خلاف آپریشن ڈان اسٹرائیک کے نام سے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

Related Posts