کراچی: پسند کی شادی کا المناک انجام، عدالت سے تحفظ ملنے کے باوجود لڑکی قتل

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں پسند کی شادی کرنے والی نوجوان خاتون فاطمہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ ان کے شوہر اکبر سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی شوہر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے موٹرسائیکل پر سوار جوڑے کو نشانہ بنایا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں حملے سے قبل اور بعد کی صورتحال دیکھی جا سکتی ہے۔

تحقیقات کے مطابق فاطمہ اور اکبر نے پسند کی شادی کی تھی اور انہیں جان کے خطرات کے پیش نظر عدالت سے تحفظ حاصل تھا۔ ٹھٹھہ کی عدالت نے دھابیجی کے رہائشی اس جوڑے کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد پولیس انہیں کراچی کی حدود تک چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئی۔

پولیس حکام کے مطابق جیسے ہی پولیس موبائل واپس گئی، سفید رنگ کی ایک گاڑی میں سوار ملزمان نے جوڑے پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ حملے میں فاطمہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ ان کے شوہر اکبر کو چھ گولیاں لگیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔ ان کے ساتھ موجود دوست عمیر بھی ایک گولی لگنے سے زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے بعد اسٹیل ٹاؤن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹھٹھہ میں چھاپہ مار کر ایک مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا، جس پر جوڑے پر فائرنگ کا الزام ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

Related Posts