راولپنڈی کے علاقے بوہڑ بازار میں نالے میں گرنے والی 6 سالہ بچی کی تلاش کے لیے جاری ریسکیو آپریشن معطل کر دیا گیا، جس پر اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سرچ آپریشن بند کیے جانے کے خلاف راولپنڈی کے بوہڑ بازار میں سینکڑوں شہری جمع ہوئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بچی کی تلاش میں ناکامی اور غفلت ناقابل قبول ہے۔
احتجاج کرنے والوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر بچی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن دوبارہ شروع کرے۔دوسری جانب بچی کے نالے میں گرنے کے واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ تھانہ وارث خان میں ایف آئی آر بچی کے والد کی مدعیت میں درج کی گئی۔
یاد رہے کہ 6 سالہ بچی دو روز قبل رات کے وقت شدید بارش کے دوران گھر والوں کے ہمراہ گھر سے نکل کر گاڑی میں سوار ہونے لگی تو پانی کے تیز بہاؤ کے باعث نالے میں جا گری تھی، جس کے بعد سے بچی کے زندہ ہونے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








