ایک اور خارجی دہشت گرد گرفتار، اعترافی بیان میں ہوشربا انکشافات

تازہ ترین

تازہ ترین

دہشت گرد
(فوٹو: آج نیوز)

سکیورٹی فورسز نے ایک اور خارجی دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت عمر دین عرف جذبہ کے نام سے ہوئی۔ دہشت گرد نے اپنے اعترافی بیان میں تنظیم کے ڈھانچے، تربیتی مراکز اور مالی معاونت کے متعلق اہم انکشافات کردئیے۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا کہنا ہے کہ خوارجہ نیٹ ورک افغانستان سے تربیت اور مالی مدد حاصل کرتا ہے، تنظیم کے دہشت گرد بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ عمر دین عرف جذبہ 12 جنوری 2025 کو والد سے جھگڑے کے بعد ٹی ٹی پی میں شامل ہوگیا تھا۔

گرفتار دہشت گرد کا کہنا ہے کہ تنظیم کے تمام اہم کمانڈرز کے ساتھ ٹی ٹی پی کے 60 سے 70 افغان جنگجو شامل ہیں جو افغانستان میں تربیت حاصل کرچکے ہیں، خوارجی نیٹ ورک نے شادی خیل بیس پر حملے اور کوٹہ خواہ روڈ پر دھماکے سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں حصہ لیا ہے۔

دہشت گرد عمر دین کا کہنا ہے کہ کوٹہ خواہ روڈ پر ماہ رمضان کے دوران دھماکہ ہوا جس میں 7پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ تنظیم کے اراکین منشیات کے عادی اور مراکز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں اور بعض خوارجی کمانڈر لڑکوں کے ساتھ نامناسب حرکات میں بھی ملوث ہیں۔

اپنے اعترافی بیان میں عمر دین نے کہا کہ فتنہ الخوارج افغانستان میں موجود کمانڈروں سے مالی معاونت حاصل کرتا ہے اور تنظیم کی مختلف غیر قانونی سرگرمیاں بھی اس کے اخراجات میں مدد دیتی ہیں۔ خوارجی گروہ بھتہ خوری، گاڑی چوری اور اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث ہے۔ ا

عمر دین عرف جذبہ کا کہنا تھا کہ تنظیمی کمانڈرز شریعت کے نفاذ اور جہاد کے نام پر نوجوان نسل کو ورغلا رہے ہیں۔ میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ خوارج کے جھوٹے دعووں پر کان نہ دھریں اور گمراہ کن پراپیگنڈے سے دور رہیں، ملک دشمن عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

Related Posts