پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے اور کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے سابق قومی کپتانوں کو اہم ذمہ داریاں سونپنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے، جس کے تحت مزید بڑے فیصلے بھی متوقع ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے سابق مایہ ناز بیٹر اور کپتان یونس خان کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ انہیں قومی سلیکشن کمیٹی میں بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے تاکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق منصوبہ بندی اور ٹیم کی تشکیل میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے ایک اور سابق کپتان محمد حفیظ کو پی سی بی میں ڈائریکٹر کرکٹ انٹرنیشنل کا اہم عہدہ دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھانے کیلئے انہیں قومی سلیکشن کمیٹی کا رکن بھی بنایا جا سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اور کوچنگ کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں موجودہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور ہیڈ کوچ سرفراز احمد اپنے موجودہ عہدوں سے الگ ہو سکتے ہیں۔
تاہم سرفراز احمد کی خدمات مکمل طور پر ختم نہیں کی جائیں گی، بلکہ وہ پاکستان شاہینز ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں حسبِ معمول انجام دیتے رہیں گے تاہم محمد حفیظ اور محمد یونس کو اہم عہدے دئیے جانے کی اطلاعات پر کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








