عمران خان رہائی فورس کیس: فریقین کو جواب جمع کرانے کا وقت دے دیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی آئینی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے عمران خان رہائی فورس کیس کی سماعت کے دورنا فریقین کو جواب جمع کرانے کا وقت دے دیا ہے۔ عدالت نے آئینی درخواست کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی بھی کردی۔

تفصیلات کےمطابق درخواست کی سماعت چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری نے وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی اور دیگر کیلئے وکالت نامہ اور جواب جمع کرانے کی مہلت کی درخواست کی۔

علی بخاری کا کہنا تھا کہ مجھے آج صبح بتایا گیا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کی نمائندگی بھی مجھے ہی کرنی ہے،  اس لیے معزز عدالت جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت دے۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے مقدمے کو سیاسی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے مناسب مہلت دئیے جانے کی حمایت کی۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ امن و امان کی صورتحال خراب نہ کرنے سے متعلق سابقہ عدالتی حکم نامے میں توسیع کی جائے۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اس کی ضرورت نہیں کیونکہ حکم نامہ صرف آج تک محدود نہیں تھا اور توسیع کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

خیال رہے کہ اس مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے وزیر اعلیٰ کے پی کے پر ملیشیا تشکیل دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔

Related Posts