فیفا کی ویب سائٹ کا بڑا مسئلہ، درجنوں شائقین ورلڈ کپ کے مفت ٹکٹ لے اڑے

تازہ ترین

تازہ ترین

فیفا
(فوٹو: آن لائن)

بین الاقوامی فٹبال تنظیم فیفا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کی ویب سائٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث تقریباً 60 شائقین کو ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹ بغیر ادائیگی کے مفت جاری ہو گئے تھے۔

فیفا کے مطابق آن لائن چیک آؤٹ کے عمل کے دوران ادائیگی کے نظام میں آنے والی خرابی کی وجہ سے کچھ ٹکٹ غلطی سے “0 امریکی ڈالر” کی قیمت پر بک ہو گئے اور 3 جون کو متاثرہ افراد کو اطلاع دی گئی کہ ان کے نام پر ایسے ٹکٹ جاری ہوئے ہیں جن کی کوئی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔

تاہم فیفا نے واضح کیا ہے کہ یہ ٹکٹ مستقل طور پر مفت نہیں رہیں گے اور ان کی اصل قیمت ادا کرنا لازمی ہوگا۔مزید کہا گیا ہے کہ یہ ٹکٹ اب بھی متعلقہ شائقین کیلئے محفوظ ہیں، تاہم انہیں اپنی نشستیں برقرار رکھنے کیلئے مکمل رقم ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس تکنیکی غلطی پر فیفا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے معذرت بھی کی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ادائیگی کے بغیر ٹکٹ برقرار نہیں رہ سکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ شائقین کو ادائیگی کیلئے 7 دن کی مہلت دی گئی ہے، اور اگر اس مدت میں رقم جمع نہ کرائی گئی تو ان کی نشستیں منسوخ کر دی جائیں گی۔

رپورٹس کے مطابق یہ تمام ٹکٹ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج میچوں سے متعلق تھے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ورلڈ کپ 2026 کی ٹکٹنگ پالیسی پہلے ہی مختلف حلقوں کی تنقید کی زد میں ہے۔

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے اس بڑے ایونٹ کیلئے متغیر قیمتوں کے نظام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جس پر شائقین نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ مانگ بڑھنے کے ساتھ ٹکٹوں کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں، جبکہ بعض افراد کیلئے نشستوں کے مقامات میں بھی تبدیلی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

Related Posts