جو روٹ 99 رنز پر ناقابلِ شکست، انگلینڈ نے بھارت کو ہراکر ون ڈے سیریز برابر کر دی

تازہ ترین

تازہ ترین

جو روٹ
(فوٹو: آن لائن)

بھارت کے خلاف کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں جو روٹ کی ناقابلِ شکست 99 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے مخالف کرکٹ ٹیم کو 4 وکٹس سے شکست دے کر میٹرو بینک ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جو روٹ اپنے ون ڈے کیریئر کی 21ویں سنچری سے صرف ایک رن کی دوری پر رہ گئے، تاہم انہوں نے پوری اننگز میں انتہائی پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے اختتام پر گس ایٹکنسن کے فاتحانہ چوکے پر ان کی خوشی ایسے تھی جیسے انہوں نے خود اپنی سنچری مکمل کر لی ہو۔

یاد رہے کہ ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں بھی جو روٹ 76 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے تھے، اور اس بار بھی وہ 99 رنز پر ہی ناقابلِ شکست واپس لوٹے، جبکہ انگلینڈ نے 234 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم ایک موقع پر 125 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی تھی، لیکن بعد ازاں اس نے 35 گیندیں قبل ہی چار وکٹوں کے نقصان پر فتح اپنے نام کر لی۔ تین میچوں پر مشتمل سیریز کا فیصلہ کن میچ اب اتوار کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم انگلینڈ کو قابل ذکر ہدف نہ دے سکی، شریاس آئیر نے 66 اور ویرات کوہلی نے 65 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا، تاہم اس کے بعد بھارتی ٹیم کی آخری سات وکٹیں صرف 55 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔

انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولرز جوفرا آرچر نے 47 رنز دے کر تین جبکہ گس ایٹکنسن نے 50 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کر کے بھارتی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے نہ دیا۔خیال رہے کہ انگلش ٹیم اپنے گزشتہ 20 ایک روزہ عالمی میچز میں سے 14 میں شکست کھا چکی تھی جس کے بعد بھارت کے خلاف میچ کو ٹیم کی شاندار واپسی قرار دیا جارہا ہے۔

Related Posts