نادرا کی بڑی سہولت، اب کیاسک مشین سے گھر بیٹھے انداز میں شناختی کارڈ کی تجدید اور دوبارہ اجرا

تازہ ترین

تازہ ترین

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے جدید خودکار کیاسک مشین سروس متعارف کرا دی، جس کے ذریعے شہری اب لمبی قطاروں اور انتظار کے بغیر شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ کارڈ کی دوبارہ طباعت کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

نادرا کے مطابق یہ سہولت اسلام آباد کے بلو ایریا میگا سنٹر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں قائم نادرا مراکز پر دستیاب کر دی گئی ہے۔

کیاسک مشین کے ذریعے شہری پہلے اپنی پسندیدہ زبان (اردو یا انگریزی) کا انتخاب کریں گے، پھر شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کے بعد فنگر پرنٹس کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کریں گے۔

شناخت کی تصدیق کے بعد شہری موبائل نمبر، ای میل اور کارڈ سے متعلق مطلوبہ کیٹیگری کا انتخاب کر سکیں گے۔ مشین کے ذریعے ختم شدہ یا ختم ہونے کے قریب شناختی کارڈ کی تجدید جبکہ گمشدہ کارڈ کی دوبارہ طباعت کے لیے درخواست دی جا سکے گی۔

نادرا کے مطابق مشین میں موجود کیمرے سے تصویر حاصل کی جائے گی جبکہ ڈیجیٹل پین کے ذریعے دستخط بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔ تمام معلومات کی تصدیق کے بعد فیس کی ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا۔

یہ جدید کیاسک سروس اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، حیدرآباد، سکھر، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں کے نادرا مراکز پر دستیاب ہے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو تیز، آسان اور جدید سہولت فراہم کرنا اور شناختی کارڈ کے حصول کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

Related Posts