کراچی میں جماعتِ اسلامی کی جانب سے احتجاج اور دھرنے کے اعلان کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کو جانے والے راستے عام ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے شاہراہوں پر کنٹینر لگا دئیے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردئیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس کو جانے والے راستوں کو ٹریفک کیلئے بند کرنے کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائے گئے ہیں۔ حکام نے میٹروپول، پی آئی ڈی سی ودیگر شاہراہوں پر کنٹینرز لگا کر اور اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک اہلکاروں کو سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے تعینات کردیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی نے گورنر ہاؤس اور تمام وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا۔ جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور خاص طور پر لیوی میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کر رہی ہے، تاہم اس دوران حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی منظوری بھی دے دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








