ایران پر مسلسل تیرہویں رات امریکا کے فضائی حملے، مختلف شہر دھماکوں سے گونج اٹھے

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: پی بی ایس)

تہران: امریکا نے مسلسل تیرہویں رات ایران پر فضائی حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں مختلف شہر دھماکوں سے گونج اٹھے۔ سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ایران کے عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ ایران پر مسلسل تیرہویں رات فضائی حملوں کا سلسلہ مکمل کیا گیا جس میں ایران کی فوجی کمانڈ مراکز، ڈرون تنصیبات اور مواصلاتی نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔ سینٹ کام نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز بدستور کھلی ہے اور تجارتی جہاز اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے جزیرہ قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ امریکی فوج کے 2 میزائل جزیرہ قشم کے گاؤں مسن میں گرے۔ امریکا نے ایرانی صوبے یزد میں بھی فضائی حملے کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملے خنداب، تفت شیرکوہ اور نایین کے علاقوں میں کیے گئے۔ امریکا نے انارک، بروجرد، جاسک، کنارک اور بندر عباس کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا تاہم کرمان کے علاقے کہنوج میں ایک امریکی ٹام میزائل کو رہائشی علاقے میں گرنے سے قبل تباہ کردیا گیا۔

Related Posts