گل فیروزہ کی شاندار اننگز، پاکستان نے سری لنکا کو 5وکٹس سے شکست دے دی

تازہ ترین

تازہ ترین

گل فیروزہ
(فوٹو: 24 نیوز)

ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمن ٹیم نے عمدہ آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے، جس میں گل فیروزہ کی شاندار اننگز نے اہم کردار ادا کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق فاطمہ ثنا کی قیادت میں گرین شرٹس نے 211 رنز کا ہدف 43 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جبکہ اوپنر گل فیروزہ کو شاندار 78 رنز کی اننگز پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 میں اپنی مسلسل پانچویں فتح بھی سمیٹ لی۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے میزبان ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ سری لنکا مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 210 رنز ہی بنا سکا۔ کپتان چماری اتاپتو اور نیلکشیکا سلوا نے 46، 46 رنز بنائے، جبکہ کاویشا دلہاری اور حسینی پریرا نے 35، 35 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسمیہ رباب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور دیگر بولرز نے بھی نپی تلی بولنگ سے حریف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو گل فیروزہ اور صدف شمس نے 58 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ گل فیروزہ نے 77 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے، جبکہ سدرہ امین نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر فتح کی بنیاد مضبوط کی۔

عائشہ ظفر 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ سری لنکا کی جانب سے کاویشا دلہاری نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ 25 جولائی کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کی نظریں سیریز اپنے نام کرنے جبکہ سری لنکا کی کوشش مقابلہ برابر کرنے پر ہوگی۔

Related Posts