کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو موٹر سائیکل کی ٹکر مار کر گرا دیا۔
فوٹیج کے مطابق پی آئی بی سی ایس ایس اسکول کے قریب ملزمان نے عمارت کے باہر بیٹھے نوجوان سے لوٹ مار کی، جبکہ خوف کے باعث دیگر شہری وہاں سے بھاگ گئے۔ ملزمان نے ایک شہری سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل بھی چھین لی۔
اسی دوران گلی سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار کو بھی لوٹنے کی کوشش کی گئی، جس پر نوجوان نے ہمت کرتے ہوئے ڈاکو کو ٹکر مار دی۔ ڈاکو گرنے کے بعد دوبارہ کھڑا ہوا اور فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد شہری منتشر ہوگئے اور ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ گزشتہ رات 12 بجے کے قریب پیش آیا، تاہم کسی شہری کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کروایا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ روز گلشن اقبال 13 ڈی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے حافظ قرآن اور جامعہ کراچی کے طالبعلم محمد صدیق سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل، قیمتی گھڑی اور والٹ چھین لیا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








