ویڈیو: ورزش کے دوران فٹنس کا شوقین ڈاکٹر اچانک گر کر جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈاکٹر
(فوٹو: آن لائن)

بھارتی ریاست آسام میں فٹنس کے شوقین ایک ڈاکٹر جم میں معمول کی ورزش کے دوران اچانک گر پڑے اور بعد ازاں انتقال کر گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 47 سالہ ڈاکٹر سہین رحمان جوناگاؤں میڈیکل کالج و اسپتال میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وہ روزمرہ معمول کے مطابق جم میں ورزش کر رہے تھے کہ اچانک بے ہوش ہوئے اور زمین پر گر گئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر سہین رحمان ورزش کے دوران اچانک نیچے جا گرے۔ وہاں موجود افراد نے فوری طور پر انہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹر جانبر نہ ہو سکے۔

ابتدائی طور پر ڈاکٹر کی موت کی ممکنہ وجہ کارڈیک اریسٹ قرار دی جا رہی ہے، جس میں دل اچانک کام کرنا بند کر دیتا ہے۔ تاہم حکام یا طبی ماہرین کی جانب سے حتمی وجہ کی تصدیق طبی معائنے اور رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی کی جا سکے گی۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ عرصے کے دوران ورزش یا جم میں جسمانی سرگرمی کرتے ہوئے اچانک اموات کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان واقعات نے طبی ماہرین کے ساتھ ساتھ فٹنس کے شوقین افراد میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔

Related Posts