پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موجودہ اور سابق کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ وہ زیمبیا میں جاری ایشین لیجنڈز لیگ میں بورڈ کی پیشگی اجازت کے بغیر شرکت نہ کریں۔ پی سی بی کے مطابق اس لیگ کو نہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور نہ ہی زیمبیا کرکٹ یونین کی منظوری حاصل ہے۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ نے ان رپورٹس کا نوٹس لیا ہے جن کے مطابق بعض سابق پاکستانی کرکٹرز نے لازمی این او سی حاصل کیے بغیر اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ایونٹ میں بغیر این او سی شرکت کرنا پی سی بی کے قوانین کی خلاف ورزی تصور ہوگی جس پر متعلقہ کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
پی سی بی کی پالیسی کے تحت اگر کوئی موجودہ یا سابق کرکٹر بغیر اجازت کسی غیر منظور شدہ لیگ میں شریک پایا گیا تو اسے آئندہ دو سال تک بیرون ملک کسی بھی کرکٹ ایونٹ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
بورڈ نے مزید واضح کیا کہ ایسے افراد کو اسی دو سالہ مدت کے دوران پی سی بی سے منسلک کوچنگ، مینٹورنگ یا دیگر ذمہ داریاں بھی نہیں دی جائیں گی جن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق کردار بھی شامل ہیں۔
پی سی بی نے ایک بار پھر تمام موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان سے باہر کسی بھی کرکٹ لیگ، ٹورنامنٹ یا دیگر کھیلوں کی سرگرمی میں حصہ لینے سے قبل لازمی طور پر بورڈ سے این او سی حاصل کریں۔
بورڈ کے مطابق اس اقدام کا مقصد کرکٹ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا اور پاکستانی کرکٹ کی ساکھ کا تحفظ کرنا ہے تاکہ ایسے مقابلوں میں شرکت سے بچا جا سکے جنہیں متعلقہ عالمی یا مقامی کرکٹ اداروں کی منظوری حاصل نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








