کراچی: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سِم کارڈ کے نام پر ہونے والی جعلسازی سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں کو فراڈ سے بچنے کیلئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سائبر فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں جعلساز مختلف بہانوں، لالچ اور جعلی پیغامات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کو دھوکا دے کر رقم یا معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی سلسلے میں سِم کارڈ کے ذریعے بھی فراڈ کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بائیومیٹرک معلومات کے غلط استعمال سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فون سم راستے میں بیٹھے ہوئے چھوٹے موٹے دکانداروں سے حاصل کرنے سے گریز کریں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق فون سِم ہمیشہ موبائل کمپنی کی مجاز فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے حاصل کی جائے۔ بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے کے بعد شہری یہ بھی یقینی بنائیں کہ ان کے سامنے وہی سِم فعال کی گئی ہے جو انہیں فراہم کی گئی ہے۔
عموماً شہری مفت منٹس، بیلنس یا انٹرنیٹ کی خواہش میں فراڈ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ شہری مفت منٹس، ڈیٹا یا بیلنس کی پیشکش کے لالچ میں آ کر سِم کو بعد میں استعمال کرنے کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








