لاہور میں چوری اور ڈکیتی کی مختلف وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد نے شہریوں کو نشانہ بنایا جبکہ بعض مقامات سے موٹر سائیکلیں بھی چوری کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کے علاقے میں ڈاکوؤں نے واصف سے 4 لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ مصری شاہ میں عبداللہ سے 3 لاکھ 80 ہزار روپے اور موبائل فون، نشتر کالونی میں زاہد سے 3 لاکھ 65 ہزار روپے اور موبائل فون، جبکہ اسلام پورہ میں نواز سے 3 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا گیا۔
اسی طرح لٹن روڈ کے علاقے میں وحید سے 3 لاکھ روپے اور موبائل فون چھین لیا گیا۔ نشتر کالونی میں رفیق 16 ہزار روپے اور موبائل فون، کاہنہ میں خالد 10 ہزار روپے اور موبائل فون جبکہ چوہنگ میں ارسلان 8 ہزار روپے اور موبائل فون سے محروم ہوگیا۔
دوسری جانب سندر کے علاقے سے اعجاز، برکی کے علاقے سے نعیم اور لیاقت آباد سے اخلاق کی موٹر سائیکلیں بھی چوری ہوگئیں۔ پولیس نے مختلف واقعات کی اطلاعات پر کارروائی شروع کردی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








