بھارت میں چلتی ٹرین سے نوٹوں کی بارش، عوام کی دوڑیں لگ گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارتی ریاست اترپردیش میں چلتی ہوئی ٹرین سے نوٹوں کی بارش پر عوام کی دوڑیں لگ گئیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گورکھپور کے ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔

ریلوے اسٹیشن پر اچانک ٹرین سے پیسوں کی بارش ہونے لگی۔ کرنسی نوٹ سمیٹنے کیلئے عوام میں کھلبلی مچ گئی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گورکھپور سے ممبئی کے علاقے پنویل جانے والی ایکسپریس ٹرین پیپی گنج ریلوے اسٹیشن سے گزر رہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی صبح عوام نے پانچ پانچ سو روپے کے نوٹ ہوا میں اڑتے ہوئے دیکھے جس کے بعد عوام کی دوڑیں لگ گئیں اور جو جتنے نوٹ اکٹھے کر سکا، اس نے کر لیے اور جائے وقوعہ سے روانہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوٹ پھینکنے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

رپورٹس کے مطابق صبح 6 بجے کے قریب پیش آنے والے واقعے میں ٹرین پر سوار کسی مسافر نے پانچ پانچ سو روپے کے نوٹوں سے بھری ہوئی پلاسٹک کی تھیلی نیچے پھینکی جو کھل گئی اور نوٹ ہوا میں بکھرنے لگے۔ اسٹیشن پر موجود افراد نے نوٹ پکڑنے کیلئے آپس میں ریس لگا دی۔

ریلوے اسٹیشن ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی رپورٹس کے مطابق ٹرین اسٹیشن پر رکی نہیں اور ممکن ہے کہ کسی مسافر نے اپنے کسی جاننے والے کو رقم دینے کیلئے اسے پولیتھین بیگ میں باندھ کر چلتی ٹرین سے پھینک دیا ہو، جس کے کھل جانے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔

Related Posts