موبائل بیلنس کی میعاد ختم بھی ہوگئی تو رقم نہیں ڈوبے گی! پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

موبائل بیلنس کی جلد ختم ہونے کی فکر کرنے والے صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے پری پیڈ موبائل بیلنس اور ری چارج کی کم از کم میعاد 180 دن مقرر کردی ہے جس کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ملک کے تمام موبائل آپریٹرز پر ہوگا۔

پی ٹی اے کے مطابق تمام موبائل کمپنیوں کو ری چارج اور بیلنس کی مدت کم از کم 180 دن رکھنے کی پابندی ہوگی۔ اس فیصلے کے بعد صارفین کو مختصر مدت کے اندر اپنا بیلنس استعمال کرنے یا ضائع ہونے کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی صارف کے بیلنس کی مقررہ مدت ختم بھی ہوجائے تو بعد میں نیا ری چارج کرنے کی صورت میں پہلے سے موجود بیلنس خودکار طور پر صارف کے اکاؤنٹ میں واپس بحال ہوجائے گا تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعلقہ سم کا قابلِ استعمال اور فعال رہنا ضروری ہوگا۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور موبائل صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک میں منصفانہ کاروباری ماحول کو فروغ دینا اور صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا بھی ہے۔

Related Posts