انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے ایک درجہ بہتری کے بعد دنیا کے دوسرے بہترین ٹی20 بولر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابرار احمد نے بھارتی اسپنر ورون چکرورتی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے، جبکہ افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان 753 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہیں۔
پاکستانی بولرز میں محمد نواز 12ویں، سلمان مرزا 20ویں اور شاہین شاہ آفریدی 602 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اپنی 30ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
دیگر قومی بولرز میں عثمان طارق 60ویں، سفیان مقیم 68ویں، صائم ایوب 71ویں اور شاداب خان 73ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ حارث رؤف 89ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ دوسری جانب عباس آفریدی نے ایک درجہ ترقی کے بعد ٹاپ 100 میں جگہ بنا لی ہے اور وہ 415 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اب 100ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
بلے بازوں کی ٹی20 رینکنگ میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارتی وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن دوبارہ پہلی پوزیشن پر قابض ہو گئے ہیں، جبکہ ابھشیک شرما ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
پاکستانی بیٹرز میں صائم ایوب 40ویں، بابر اعظم 42ویں اور قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 44ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ فخر زمان نے ایک درجہ بہتری حاصل کرتے ہوئے 481 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 72ویں پوزیشن پر جگہ بنا لی ہے۔
آل راؤنڈرز کی تازہ درجہ بندی میں پاکستان کے صائم ایوب اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا بدستور پہلے، جبکہ بھارت کے ہاردک پانڈیا دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے آل راؤنڈرز میں محمد نواز ایک درجہ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ شاداب خان 23ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ فہیم اشرف نے ایک درجہ ترقی کے بعد 53واں اور سلمان علی آغا نے بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 55واں نمبر حاصل کر لیا ہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی آل راؤنڈرز کی فہرست میں 62ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں







