منشیات فروش پولیس والا قانون کے شکنجے میں! ایک کلو آئس برآمد، سہولت کاروں کی تلاش

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

حافظ آباد میں منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس نے اپنے ہی محکمے کے ایک اہلکار کو آئس فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ملزم کے قبضے سے ایک کلو سے زائد آئس بھی برآمد ہوئی ہے۔

تھانہ سٹی پولیس کے مطابق گرفتار کانسٹیبل کی شناخت فیاض کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع گوجرانوالہ کے تھانہ کوٹ لدھا میں بطور کانسٹیبل ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیاض حافظ آباد کے سٹی ایریا میں آئس فروخت کرنے کے مبینہ دھندے میں ملوث تھا جس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے 1100 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے مبینہ سہولت کاروں اور منشیات فراہم کرنے والے افراد سے متعلق تفتیش بھی جاری ہے۔

ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد نے کہا ہے کہ منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور گرفتار کانسٹیبل کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔

ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع اور تیز کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

Related Posts